Mar ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین کا صیہونیوں کو دندان شکن جواب، متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک،4 ٹینک اور 2 فوجی گاڑی تباہ

اسرائیل کی جاری جارحیت کا فلسطین کی اسلامی مزاحمت نے دندان شکن جواب دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں غزہ کی زمینی جنگ میں غاصب و جارح صیہونی فوج کے خلاف کامیاب کارروائی انجام پانے کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا کہ تحریک استقامت کے مجاہدین نے غزہ کے جنوب میں واقع  علاقے خان یونس کے امل علاقے میں راکٹوں سےچار صیہونی ٹینکوں اور دو بلڈوزروں کو نشانہ بنایا اور انھیں تباہ کر دیا۔

عزالدین القسام بریگیڈ کے اعلان کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے اسی طرح خان یونس کے مغرب میں صیہونی فوجیوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا جس میں کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ کے اسنائپروں نے بھی امل کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کو ٹارگٹ کیا۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی فوجی بازو نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیاں ہونے والی جھڑپوں میں بھی متعدد صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی فوجی بازو نے اسی طرح غزہ کے علاقے الزیتون میں صیہونی فوجیوں کے اجتماع کے مرکز کو نشانہ بنایا۔

جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کے جوانوں اور اسی طرح المجاہدین کے فداکاروں نے غزہ میں صیہونی فوجیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔

جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کے جوانوں نے اسی طرح خان یونس میں عبسان الکبیرہ میں دو صیہونی فوجی گاڑیوں اور اسی طرح ایک صیہونی فوجی عمارت کو آر پی جی سے نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں بھی کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ جارحیت کے ڈیڑھ سو دن پورے ہوجانے کے باوجود غاصب صیہونی حکومت غزہ میں اب تک اپنا کوئی مقصد حاصل نہیں کر سکی ہے اور بیشتر محاذوں پر اس کی فوج کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

غزہ میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق 17 اکتوبر سے اب تک صیہونی جارحیت میں تیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور بہتر ہزار سے زائد زخمی ہوئےہیں۔

ٹیگس