صیہونی حکومت کے کمانڈنگ ہیڈ کوارٹر پر حزب اللہ کا توپ خانے سے شدید حملہ
غزہ کی پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں حزب اللہ لبنان نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے کمانڈنگ ہیڈ کوارٹر کو توپ خانے سے نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حزب اللہ لبنان نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ مغربی الجلیل میں صیہونی حکومت کے فوجی ہیڈ کوارٹر کو توپ خانے سے نشانہ بنایا۔ اس حملے میں اطلاعات کے مطابق متعدد صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیل ٹی وی کے چینل 12 نے بھی مقبوضہ فلسطین کے شمال میں حزب اللہ کے حملے کی تصدیق کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ حزب اللہ نے مغربی الجلیل کے شمال میں راس نقورا کے فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے بارہا اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے شمال میں حزب اللہ لبنان کو اب بھی برتری حاصل ہے اور اسرائیلی فوج اس علاقے میں پھنسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران غزہ کی پٹی پر غاصب صیہونی حکومت کی فوج کے حملوں میں اب تک تقریباً 31 ہزار فلسطینی شہید اور 73 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔