اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، القسام بریگيڈ کے ترجمان
حماس کی القسام بریگيڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کی کابینہ صیہونی قیدیوں کو تابوت میں واپس لانا چاہتی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس کی القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیح صیہونی حکومت کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ، غزہ کے خلاف فوجی جارحیت رکوانا، دشمن کو پیچھے دھکیلنا، فلسطینی عوام کو امداد پہنچانا، پناہ گزینوں کی وطن واپسی اور غزہ کی تعمیر نو کرنا ہے اور ہم اپنے ان مطالبات سے پیجھے نہيں ہٹیں گے۔
القسام بریگيڈ کے ترجمان نے کہا کہ مذاکرات میں دشمن حکومت دھوکے اور فریب سے کام لے رہی ہے۔ ابوعبیدہ نے کہا کہ صیہونی قیدیوں کے گھروالوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ اسرائیلی حکومت ان کے بچوں کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے اور انہیں تابوت میں واپس لاناچاہتی ہے۔
القسام بریگيڈ کے ترجمان نے کہا کہ جارح دشمن ہماری قوم کے خلاف ہولوکاسٹ جیسا برتاؤ کررہا ہے اور عالمی قوانین کو نظرانداز کررہا ہے۔ ابوعبیدہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ چند صیہونی قیدیوں کے لئے امریکی حکومت کے ہائے واویلا مچانے سے اس کے دوغلے پن اور انسانی حقوق کو کوئی اہمیت نہ دینے کا پتہ چلتا ہے۔ القسام کے ترجمان نے کہاکہ ہمارے پاس موجود صیہونی قیدیوں کو بھی بھوک برداشت کرنی پڑ رہی ہے اور بعض خوراک اور دوا نہ ہونے کی وجہ سے بیمار پڑ گئے ہيں۔
صیہونی حکومت نے طوفان الاقصی آپریشن میں ذلت آمیز شکست کا انتقام لینے کے لئے غزہ میں بڑے پیمانے پر نہتے عوام کا قتل عام شروع کررکھا ہے۔ اسرائیلی فوج، غزہ کی تمام گذرگاہوں کو بند کر کے پورے علاقے پر وحشیانہ بمباری کررہی ہے۔ ان رپورٹوں کے مطابق اب تک تیس ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور ستّر ہزار زخمی ہوچکے ہيں۔