Mar ۱۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • صیہونی جرائم روکنے میں عالمی اداروں کی ناکامی پر تنقید، تحریک حماس کا بیان

تحریک حماس نے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ پر ردعمل میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف اقدام کرنے میں عالمی برادری کی ناکامی مزید جرائم کے لئے ہری جھنڈی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب و مجرم صیہونی، غزہ پٹی میں ہمارے نہتے عوام کے خلاف جنگ اور ان کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہيں۔ حماس نے  بیان میں کہا ہے کہ ہم نازی غاصب حکومت کے ہاتھوں جاری قتل عام کا ذمہ دار امریکی صدر بائیڈن کو سمجھتے ہيں کیونکہ یہ قتل عام ان کے ہتھیاروں اور حمایت سے انجام پا رہا ہے۔ تحریک حماس نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ اور عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ نسل کشی روکنے کے لئے مداخلت کریں اور امداد بھیجنے کے لئے کوئی اقدام کریں۔
درایں اثنا تحریک حماس کے ایک سینئر رہنما محمد نزال نے اپنے ایک خطاب میں کہا ہے کہ نیتن یاہو اور ان کی کابینہ کے اراکین اپنی حکومت کا شیرازہ بکھرنے کے ڈر سے جنگ روکنے میں کوئی دلچسپی نہيں رکھتے۔
محمد نزال نےاس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ نیتن یاہو رائے عامہ کے سامنے غزہ جنگ کی غلط تصویر پیش کررہے ہيں کہا کہ رفح پر حملے کے لئے امریکہ کی اجازت لینے میں نیتن یاہو کی ناکامی ہی فوجی کارروائیوں کو روک سکتی ہے۔
حماس کے رہنما نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ سمندری راستے سے امداد بھیجنے کے لئے غزہ کے ساحل پر جیٹی بنانے کا پروجیکٹ مبہم ہے اور یہ جاننا ضروری ہے کہ امداد کو کون مینیج اور تقسیم کرے گا اور یہ زمینی گزرگاہوں کا متبادل ہوگا یا نہيں؟

ٹیگس