Mar ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • رمضان المبارک کے مہینے میں صیہونیوں نے غزہ میں خون کی ندیاں بہا دیں

غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ تازہ بمباری میں درجنوں عام شہریوں کی شہادت کی خبر ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ کے مرکز میں واقع مغربی النصیرات پر غاصب صیہونی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں چھتیس فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہيں۔ صیہونی حکومت کی فوج نے اسی طرح مرکزی و جنوبی غزہ کے المغراقہ اور الزہرا نامی علاقوں اور البریج کیمپ پر بھی توپوں سے گولہ باری کی ہے۔

صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مرکزی غزہ میں ایک سات منزلہ رہائشی عمارت پر بمباری کرکے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف نئے جرائم رقم کئے ہیں ۔ صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کے نتیجے میں اس رہائشی عمارت میں رہنے والے فلسطینی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔

جنوبی شہر غزہ ميں واقع الکویت اسکوائر پر صیہونی حکومت کے حملے میں چھتیس سالہ محمد الریفی جو فوٹو جرنلسٹ تھا ، شہید ہوگیا۔

صیہونی فوج نے ساتھ ہی مشرقی شہر غزہ کے الزیتون محلے کے جنوبی حصے پر بھی گولہ باری کی ۔ صیہونی فوجیوں نے بڑے پیمانے پر غرب اردن کے مختلف علاقوں کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔

جارح صیہونی عناصر نے شہر نابلس کے جنوب میں واقع بیتا کالونی پر بھی حملہ کیا۔ مشرقی شہر الخلیل کا بنی نعیم علاقہ بھی آج صبح صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنا۔ غاصبوں نے شمالی الخلیل میں واقع العروب کیمپ پر حملے کے دوران اس علاقے پر اندھادھند فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ شہر قلقیلیہ اور شہر نابلس کا قدیمی علاقہ بھی صیہونی فوجیوں کی زد پر رہا اور غاصبوں نے وہاں بھی وحشیانہ حملے کئے، شہرقلقیلیہ میں غاصب صیہونیوں اور فلسطینی استقامت کے جوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئيں۔

میڈیارپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے شہر نابلس کے قدیمی علاقے کے اطراف میں دستی بم پھینکے ہيں۔

غاصب صیہونی حکومت نے گذشتہ ایک سو باسٹھ دن سے مغرب بالخصوص امریکہ و برطانیہ کی بھرپور حمایت سے غزہ میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے ۔ صیہونی حکومت نے اس کے ساتھ ہی غزہ کی تمام گزرگاہوں کو بند کردیا ہے اور اس علاقے پر وحشیانہ بمباری کر رہی ہے ۔ امریکہ کی جانب سے صیہونی حکومت کی بے دریغ حمایت اور اس کی جانب سے ویٹو کا استعمال کئے جانے کے باعث غزہ کے مظلوم عوام پر صیہونی حکومت کی جارحیتوں کا سلسلہ روکنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام کوششیں بھی اب تک ناکام رہی ہیں۔

ٹیگس