غزہ میں صیہونی فوج کے وحشیانہ جنگی جرائم
فلسطین کی ہلال احمر سوسائیٹی نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے الامل اور ناصر اسپتال کا محاصرہ کر لیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی ہلال احمر سوسائیٹی نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کی گاڑیاں غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس کے ناصر اور الامل اسپتالوں کے قریب تعینات ہوگئی ہیں اور فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں اور الامل اسپتال سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے چند روز قبل الشفا اسپتال پر پھر حملہ شروع کرتے ہوئے ہولناک طریقے سے قتل عام کیا ہے۔ چشم دید گواہوں کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو گرفتار، انہیں پھانسی دینا، انہیں دربدری پر مجبور کرنا ایسے غیر انسانی جرائم ہیں کہ جنکا وسیع پیمانے پر ارتکاب کیا جا رہا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی چینل نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ صیہونی فوجی الشفا اسپتال کے بیماروں کو ٹینک سے کچل رہے ہیں۔ غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے خلاف ایک سو ستر دنوں سے جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت میں اب تک بتیس ہزار دو سو چھبیس فلسطینی شہید اور چوہتر ہزار پانچ سو اٹھارہ دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔