عالمی برادری کی خاموشی پر فلسطینی انتظامیہ کی تنقید
فلسطینی انتظامیہ کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری ایک طرف صیہونی حکومت سے عام شہریوں کا قتل عام روکنے کی درخواست کر رہی ہے اور دوسری جانب اس نسل کش حکومت کو ہتھیار بھیج رہی ہے اور یہ کھلی منافقت ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں غزہ میں عوام کی نسل کشی، انہیں بھوکا پیاسا رکھنے، انھیں علاج معالجے اور میڈیکل خدمات سے محروم رکھنے اور بے گناہ عوام کو دربدر کرنے کی مذمت کی۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا کہ افسوس کہ عالمی برادری اسرائیل کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل کرانے میں اب تک ناکام رہی ہے پھر بھی کسی طرح کا اصلی دباؤ نہيں ڈال رہی یا پابندیاں عائد کرنے کا اشارہ تک نہيں دے رہی ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا کہ حیرت انگيز موضوع بعض ممالک کا موقف ہے جس میں وہ ایک طرف وہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو سے جنگ روکنے کا مطالبہ کرتے ہيں اور اس کے ساتھ ہی اسرائیل کے لئے ہتھیار بھیجتے ہيں اور یہ کھلا اخلاقی تضاد ہے جس سے ان ملکوں کے موقف میں سنجیدگی نہ ہونے کا پتہ چلتا ہے۔