Apr ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
  • غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں متضاد بیانات

مصری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ قاہرہ میں غزہ جنگ بندی کے تعلق سے ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے جبکہ ایک فلسطینی اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی سما نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مصری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ قاہرہ میں غزہ جنگ بندی کے تعلق سے ہونے والے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ مصر کے ایک اعلی عہدیدار نے اپنا نام پوشیدہ رکھے جانے کی شرط پر القاہرہ نیوز چینل کو بتایا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں بنیادی امور پر تمام فریقوں میں اتفاق رائے ہو گیا ہے اور حماس اور قطر کے مذاکرات کار قاہرہ سے روانہ ہو گئے ہیں جو دو روز بعد دوبارہ واپس لوٹیں گے تاکہ مسودے کو حتمی شکل دے کر مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے۔
اس دوران مختلف فریقوں کے درمیان صلاح و مشورے کا عمل بھی جاری رہے گا۔ اس بارے میں مصری نامہ نگاروں کےسینڈیکیٹ کے سربراہ ضیا رشوان نے کہا ہے کہ جو کچھ انھوں نے قاہرہ میں دیکھا اس کی وہ تصدیق کرتے ہیں اور سمجھوتے پر دستخط ہونے والے ہیں۔
دوسری جانب فلسطین کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور صیہونی ذرائع‏ کی جانب سے جو دعوے کئے جا رہے ہیں ان کا مقصد فریب کاری اور خود ساختہ دعووں کا اعادہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پیشرفت حاصل ہوگی اس کا فلسطینی ذرائع سے اعلان کیا جائے گا۔ ابھی امریکہ، صیہونی حکومت اور تحریک حماس کی جانب سے اس بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ٹیگس