فلسطینی قوم اور استقامت کامیاب ہوگی، حماس کا پیغام عیدالفطر
تحریک حماس نے فلسطینی قوم ، فلسطینی استقامت ، مسلم امہ اور عرب اقوام کو عید سعید فطر کی مبارک باد دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرکے عید فطر کی مبارکباد دی اور زور دے کر کہا ہے کہ عید کا زمانہ اتحاد و یکجہتی اور غاصبوں کو نکال باہر کرنے اور انہیں نابود کرنے کے لئے استقامت و پائداری کا زمانہ ہونا چاہئےحماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال عید فطر ایسی حالت میں آئی ہے کہ فلسطینی قوم و استقامت پورے چھے مہینے سے امریکی حمایت یافتہ نسل کش غاصب اسرائیلی فوج کا مقابلہ کررہی ہے جبکہ عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور یہ تمام انسانی اقدار، عالمی قوانین اور الہی ادیان کی تعلیمات کے منافی ہے۔
تحریک حماس نے مزید کہا کہ ہم غزہ کے صابر، بہادر اور ثابت قدم عوام کو اس عید کی مبارکباد دیتے ہيں اور اس جنگ میں مسجدالاقصی کے دفاع میں جام شہادت پیش کرنے والے شہداء پر درود بھیجتے ہيں اور زخمیوں و بیماروں کی شفاء کے لئے دعا گو ہيں۔ حماس کے بیان میں کہا گيا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ قیدی بھی جلد ہی دشمن کی جیلوں سے آزاد ہوں گے اور فلسطینی قوم اور استقامت کامیاب ہوگی۔
اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم ایک بار پھر غاصبوں کے مقابلے میں بھی اور دشمن کے جرائم و جنگ بند کرانے کے لئے ہونے والے مذاکرات میں بھی تمام فلسطینیوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہيں ۔