Apr ۱۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • بیٹوں کی شہادت پر حماس کے سربراہ کا بیان

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک کے سربراہ نے جارح صیہونی حکومت کے حملے میں اپنے تین بیٹوں اور تین پوتوں اور پوتیوں کی شہادت کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ درد اور خون، ہمیں اپنے عوام، امنگوں اور قوم کے لیے امید، مستقبل اور آزادی کا پیغام دیتا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ خداوند عالم کے شکر گزار ہیں کہ جس نے مجھے تین بیٹوں اور تین پوتوں اور پوتیوں کی شہادت کی سعادت سے نوازا۔ ہنیہ نے مزید کہا کہ ہمارے شہید ہونے والے بچوں کو بہترین زمان و مکان میں آخرت کا شرف حاصل ہوا ہے ۔ میرے بیٹے غزہ کی پٹی میں عوام کے ساتھ رہے اور غزہ کی پٹی چھوڑ کر نہيں گئے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ہمارے عوام اور غزہ میں رہنے والے تمام خاندانوں نے اپنے بچوں کی جانوں کی قربانی دے کر بھاری قیمت ادا کی ہے اور میں بھی ان میں سے ایک ہوں اور ہم نے اپنے خاندان کے تقریباً ساٹھ شہداء کو قدس کی راہ میں پیش کیا ہے۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ غاصبوں کا خیال ہے کہ وہ مزاحمتی گروہوں کے رہنماؤں کے بچوں کو نشانہ بنا کر ہمارے عوام کے عزم کو کمزور کررہے ہيں لیکن ہم غاصبوں کو یہ بتانا چاہتےہیں کہ یہ خون ہمیں اپنے اصولوں اور اپنی سرزمین پر باقی رہنے کے عزم کو مزید مستحکم کرے گا۔ ہنیہ نے مزید کہا کہ دشمن اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گا اور مزاحمت کے مضبوط قلعےہرگز تسخیر نہيں ہوں گے۔

ٹیگس