Apr ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۹:۳۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کا ویٹو عالمی سطح پر اسے اور اکیلا کرے گا، حماس

فلسطین کی تحریک حماس اور فلسینی انتظامیہ نے امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کی قرارداد ویٹو کردیئے جانے کی مذمت کی ۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی امریکہ کی جانب سے مخالفت ، دنیا کا انتظام چلانے میں امریکی حکومت کے تنہا ہونے کا باعث بنے گی۔

تحریک حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ امریکی حکومت کے ارادوں کو ناکام بنانے اور ملت فلسطین کی جدوجہد اور جائز حقوق کی بحالی کے لئے واشنگٹن پر دباؤ ڈالے۔ تحریک حماس نے فلسطین کی مکمل رکنیت کی امریکہ کی جانب سے مخالفت اور اسے ویٹو کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی.

فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے دفتر نے بھی ایک بیان جاری کرکے امریکہ کی جانب سے فلسطین کی رکنیت کی مخالفت کو سخت ہدف تنقید بنایا۔

محمود عباس کے دفتر کے بیان میں امریکی پالیسیوں کو بین الاقوامی قوانین اور حقوق کی پامالی نیز فلسطینی عوام کی نسل کشی کی ترغیب دلانے والا بتایا گيا ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ویٹو غیراخلاقی ، ظالمانہ اور بلاجواز ہے ۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے دفتر کے بیان میں زور دے کر کہا گيا ہے کہ واشنگٹن کی یہ پالیسی علاقے کو مزید افراتفری اور آشوب کی جانب لے جائے گی

 

 

 

ٹیگس