غزہ کے خلاف صیہونی فوج کی بربریت جاری ، مزید بائیس فلسطینی شہید
جنوبی غزہ کے شہر رفح پر صیہونی حکومت کی بمباری میں بائبیس فلسطینی شہید ہوگئے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: رپورٹوں کے مطابق آج صبح شہر رفح کے السلام محلے کے دو مکانات پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے حملے میں تیرہ فلسطینی شہید ہوئے جبکہ نو فلسطینی جن میں چار بچے شامل ہيں التنور محلے کے ایک رہائشی مکان پر بمباری میں شہید ہوئے ہیں-
دریں اثنا قطر کے الجزیرہ ٹی وی چینل نے کچھ دیر قبل رپورٹ دی تھی کہ اتوار کو غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے حملے میں چوبیس فلسطینی شہید ہوئے - فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر سے اب تک غزہ میں چونتیس ہزار چھے سو تراسی فلسطینی شہید جبکہ اٹہتر ہزار اٹھارہ فلسطینی زخمی ہوچکے ہيں-
غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کی جارحیت کو دو سو بارہ روز گزر چکے ہيں تاہم اسے اب تک بے گناہ نہتھے فلسطینی شہریوں کے قتل عام ، تباہی و بربادی ، جنگی جرائم ، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ، امدادی اداروں کے کارکنوں پر بمباری اور اس علاقے میں قحط و بھوک مری پیدا کرنے کے سوا کچھ حاصل نہيں ہوا ہے-
درحقیقت صیہونی حکومت یہ لاحاصل جنگ ہار چکی ہے اور دو سو بارہ دن گزرنے کے بعد بھی ایک چھوٹے سے علاقے میں موجود استقامتی گروہوں کو جو برسوں سے محاصرے میں ہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہيں کر سکی ہے حتی غزہ میں جنگی جرائم کے ارتکاب کی بنا پر عالمی رائے عامہ کا ساتھ بھی کھو چکی ہے ۔