غزہ پر وحشیانہ صیہونی حملے جاری، متعدد فلسطینی شہید اور زخمی
غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ دو سو اٹھائیسویں روز بھی جاری رہا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت میں دو سو اٹھائیسویں روز بھی غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری، فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں اور البریج کیمپ، جبالیا، بیت لاہیا اور رفح میں دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہوئے ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے غزہ کے جنوب میں خان یونس کے سواحل پر بھی وحشیانہ حملے کئے ہیں۔
جنین پر صیہونی فوج کے حملے میں نو فلسطینیوں کی شہادت کی خبر ملی ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں صرف جنین میں دس فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
صیہونی فوجیوں نے خان یونس کے مشرق میں عبسان الکبیرہ میں ایک مکان کو بھی حملے کا نشانہ بنایا۔ اس حملے میں بھی کئی فلسطینی شہید و زخمی اور کچھ لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ غزہ کے شمال میں بیت لاہیا پر بھی صیہونی جارحیت میں تین فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔