شہید رئیسی جس عہدے پر بھی رہے مثالی رہے اور وہ خادم ملک و ملت تھے : سید حسن نصراللہ
حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ شہید رئیسی جس عہدے پر بھی رہے مثالی رہے اور وہ خادم ملک و ملت تھے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے جنوبی بیروت کے علاقے ضاحیہ میں حسینیہ سید الشہداء میں، ایران کے شہید صدر اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں منعقدہ تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور قوم کو اس المناک حادثے پر تعزیت پیش کی اور کہا کہ شہید رئیسی کا ہیلی کاپٹر حادثہ ایران اور عالمی سطح پر انتہائی دردناک اور افسوسناک واقعہ تھا جس نے ہمیں سوگوار بنا دیا۔
حسن نصراللہ نے کہا کہ محاذ استقامت، لبنان کی قوم اور حکومت ان لوگوں کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعلان کرتا ہے جو ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہے ہیں اور ہم اس مصیبت کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای، ایران کی حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ شہید رئیسی فلسطینی کاز، مزاحمت و استقامت اور مزاحمتی گروہوں پر پختہ یقین اور ایمان رکھتے تھے اور وہ غاصب صیہونیوں کے دشمن تھے۔ سید حسن نصر اللہ نے شہید صدر رئیسی کی تشییع جنازہ میں دسیوں لاکھ افراد کی شرکت کو حضرت امام خمینی (رہ) اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کے جلوس جنازہ کے بعد اسے تاریخ کا تیسرا بڑا جلوس جنازہ قرار دیا-
سید حسن نصراللہ نے خارجہ پالیسی کے میدان میں شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صدارت کے مختصر دور میں مغرب کے ساتھ تعلقات کی سطح برقرار رکھتے ہوئے مشرق کے ساتھ تعلقات میں فروغ آیا اور ایران متعدد بین الاقوامی تنظیموں کا رکن بنا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ شہید آیت اللہ رئیسی کی حکومت نے استقامتی تحریکوں کی ہرسطح پر مدد کی اور صیہونیوں کی مخالفت شدیدتر کر دی۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ایران کے شہید وزیر خارجہ حسین امیرعبداللّہیان لبنان، فلسطین اور استقامتی تحریکوں سے قلبی لگاؤ رکھتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ان دونوں شہیدوں کی خدمات بے مثال ہیں، ہم ان کی گرانبہا خدمات کے شکرگزار ہیں۔