غزہ میں امن کی کوئی جگہ باقی نہیں رہی، مظلوم فلسطینی کہاں جائیں؟
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رفح پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: عالمی ادارہ صحت کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے بدھ کو خبردار کیا کہ غزہ میں امن کی کوئی جگہ باقی نہیں رہی ہے کہ جہاں فلسطینی پناہ لے سکیں ۔ انھوں نے الجزیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل طبی و حفظان صحت کے مراکز تک کو نشانہ بنا رہا ہے اور یہ حیرت کی بات ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم اب تک نہیں سمجھ سکے کہ کیوں اسپتالوں اور ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی اداروں کے انتباہات کے ساتھ ہی ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی غزہ کے رفح کیمپ پر اسرائیل کے حملے اور دسیوں فلسطینیوں کی شہادت و زخمی ہونے کو جنگی جرم قرار دیا۔
ایکس پیج پر جاری شدہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ اس طرح کے اندھے حملے عام شہریوں کے قتل عام کا باعث اور جنگی جرم ہیں جن کے بارے میں تحقیقات ہونی چاہئیں۔