Jun ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • اسرائیل نے رفح کراسنگ پر قبضہ کرکے اسے آگ لگا دی

غزہ کی پٹی میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ صہیونی فوج کے حملوں کی وجہ سے ہر روز قحط میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر اسماعیل الثوابتہ نے کہا  ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کے جنوب میں رفح کراسنگ پر قبضہ کرکے اسے آگ لگا کر اوراس کی کھدائی کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اس کراسنگ کے آگ لگنے کے بعد پچیس ہزار مریض غزہ کی پٹی سے باہرعلاج کی غرض سے سفر کرنے سے محروم ہوگئے ہیں-

غزہ میں حکومت کے انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر نے یہ بھی کہا کہ رفح اور کرم ابو سالم کراسنگ بند ہونے کی وجہ سے پندرہ ہزار امدادی ٹرک ، امداد نہیں پہنچا پا رہے ہيں اور رونما ہونے والے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ کی جانب سے غزہ کے ساحل پر بنائی گئی عارضی بندرگاہ سے بھی قحط کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے بلکہ اس بندرگاہ کو سیکیورٹی اور فوجی کارروائیوں کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے-

دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہےکہ جارح صیہونی فوجیوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غزہ پٹی میں جرائم کرکے چورانوے فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کردیا ہے-

غزہ کی وزارت صحت کے بیان کے مطابق غزہ پر حملوں کے آغاز سے اب تک سینتیس ہزار چھ سو چھبیس فلسطینی شہید اور چھیاسی ہزار اٹھانوے فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔

ٹیگس