Jul ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی جارحیت جاری، 10 ہزار فلسطینی گرفتار

صیہونی فوج نے غزہ پر آج بھی اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے جس کے دوران متعدد فلسطینی شہید ہوئے ہيں جبکہ غرب اردن میں اب تک ہزاروں فلسطینی صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ ٹی وی چینل نے مشرقی شہر غزہ کے الشجاعیہ سمیت مختلف علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے جاری رہنے کی خبر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق الشجاعیہ کے علاقے پر ہونے والے حملوں میں کم سے کم چار افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے حملوں میں مزید تیرہ فلسطینی شہید ہوئے ہيں جبکہ پچھلے تیس سے چالیس گھنٹے کے دوران صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کے نتیجے میں پچاس سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔

غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کی لاحاصل جارحیتوں کو نو مہینے گذر چکے ہيں اور صیہونی حکومت اپنے داخلی و بیرونی بحرانوں میں پھنستی جا رہی ہےاورصیہونی حکومت نو مہینوں کے بعد بھی اپنا کوئی ہدف حاصل نہيں کر سکی ہے ۔

صیہونی حکومت کے غزہ پر حملے کے اعلانیہ اہداف میں حماس کو ختم کرنا اور صیہونی قیدیوں کو آزاد کرانا شامل ہےصیہونی حکومت کو اس نو مہینے کے عرصے میں غزہ کے عوام کے قتل عام ، جارحیت ، تباہی و بربادی ، جنگی جرائم کے ارتکاب ، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ، امدادی اداروں پر بمباری ، قحط اور بھوک مری کے علاوہ کچھ بھی حاصل نہيں ہوا ہے۔

اس درمیان صیہونی اخبار جروزلم پوسٹ نے غزہ جنگ کو نو مہینے گذرنے کے بعد اور حماس کو ختم کرنے کے ہدف سے پیچھے ہٹتے ہوئے تحریک حماس کے سلسلے میں صیہونی حکومت کا لہجہ بدلنے کو غزہ پٹی میں صیہونی فوج کی شکست اور اس کی ناتوانی کا ثبوت قرار دیا ہے اور لکھا ہے کہ جس وقت یہ سمجھا جا رہاتھا کہ فلسطینی استقامت اور اسرائیلی حکومت کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں تل ابیب اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لئے غزہ پٹی پر فوجی دباؤ بڑھےگا ، حماس ، اپنے مطالبات کو عملی جامہ پہنائے جانے پر تاکید کررہی ہے بلکہ اسے بڑھا دیا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کے کلب نے سات اکتوبر سے اب تک صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں غرب اردن میں نوہزار پانچ سو اسّی فلسطینی قیدیوں کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔

ارنا نے الجزیرہ ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی قیدیوں کے کلب نے پیر کو اپنے جدید ترین اعداد و شمار میں اعلان کیا ہے کہ کل سے آج تک صیہونی حکومت غرب اردن میں تیس فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر چکی ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صیہونی فوجیوں نے سات اکتوبر سے اب تک غرب اردن سے جن نو ہزار پانچ سو ا‎سّی فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا ہے ان میں پانچ سو چالیس بچے ہيں ۔غرب اردن میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر میں بھی سات اکتوبر کے بعد سے تیزی آگئی ہے اور غاصب صیہونی حکومت کی فوج اور مسلح صیہونی انتہاپسند ، غرب اردن کے شہروں اور دیہاتوں پر مسلسل حملہ کر کے ان کا مال اسباب لوٹ رہے ہيں اور بہت سے فلسطینیوں کو شہید اور گرفتار کر چکے ہيں-

ٹیگس