غزہ میں انسانی صورتحال ناقابل برداشت: جوزف بورل
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے غزہ میں انسانی صورتحال کو ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے نیویارک میں منعقد جی سیون کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتحال پہلے سے کہیں زیادہ خوفناک اور ابتر ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ نو مہینوں میں انسانی صورتحال ابتر اور ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔
جوزف بورل نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ "انسانیت کی جیت ضروری ہے" غزہ میں فوری جنگ بندی اور علاقے میں ضرورت مند لوگوں تک انسانی امداد کی منتقلی کا مطالبہ کیا۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے عہدیدار نے مغربی کنارے میں صیہونی بستیوں کی توسیع کے غاصب صیہونی حکومت کے حالیہ فیصلے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ گروپ سیون کے وزرائے خارجہ اسرائیلی کابینہ کے اس اقدام کی مذمت کریں گے جو کہ بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ نو ماہ کے دوران صیہونی حکومت نے غزہ میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کا قتل عام کیا ہے اور تمام گزرگاہوں کو بند کرکے انسانی امداد کی آمد کو روکتے ہوئے اس علاقے کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے۔