فلسطین کی استقامتی تحریکوں کا بیان، تل ابیب پر یمن کے کامیاب ڈرون حملے کی قدردانی
فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی فلسطین نے تل ابیب پر یمن کے ڈرون حملے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کو امت اسلامیہ کی وحدت کا ثبوت قرار دیا ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب پر یمن کی مسلح افواج کا منفرد ڈرون حملہ قابل قدر ہے جس نے صیہونیوں کی ہیبت کو نشانہ بنایا اور تل ابیب کو غیرمحفوظ کردیا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ ہمارے یمنی بھائیوں کے اقدامات قابل قدر ہیں اور صیہونی حکومت کے اندر اس کے مفادات پر حملہ کرنے والے استقامتی محاذ میں شامل سبھی قوتیں، صیہونی دشمن کے مقابلے کو امت اسلامیہ کا فطری حق سمجھتی ہیں۔
فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے مزید کہا ہے کہ یمن کے عوامی رہنما سید عبدالملک الحوثی اور یمن کے عزیز عوام، پوری قوت سے فلسطینی قوم کی پشت پناہی اور حمایت کر رہے ہیں جو قابل قدر ہے۔ حماس نے سبھی اسلامی تحریکوں، جماعتوں، تنظیموں، گروہوں اور افواج سے اپیل کی ہے کہ غزہ کے نہتے اور بے گناہ عوام اور اسلامی مقدسات کے دفاع میں معرکہ عزت و شرف اور کرامت میں شامل ہوجائيں۔
فلسطین کی اسلامی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی نے بھی ایک بیان جاری کرکے تل ابیب پر یمن کے کامیاب ڈرون حملے کو فلسطینی عوام کے قتل عام کا فطری جواب قرار دیا ہے. جہاد اسلامی فلسطین نے ایک بیان جاری کرکے یمن کی مسلح افواج کو تل ابیب میں ایک اہم صیہونی ہدف پر کامیاب ڈرون حملے کی مبارکباد پیش کی ہے. اس رپورٹ کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یمنی افواج کا یہ دلیرانہ اور کامیاب ڈرون حملہ، امریکا کی حمایت سے غاصب صیہونی حکومت کے ذریعے فلسطینی عوام کے قتل عام کا فطری جواب ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے دفاع میں یمنی بھائیوں کی مشارکت کو مغربی ملکوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کی بے دریغ حمایت کے ردعمل کی حیثیت سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین نے مزید کہا ہے کہ ہمارے لبنانی اور عراقی بھائیوں کی طرح یمنی بھائیوں نے بھی ثابت کردیا ہے کہ مسئلہ فلسطین، اسلامی دنیا کا بنیادی اور مرکزی مسئلہ ہے اور مزاحمت صیہونیوں نیز ان کے مغربی حامیوں کی جارحیت کے مقابلے کی واحد راہ ہے۔یاد رہے کہ جمعے کی صبح ایک ڈرون طیارے نے تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کے قریب ایک عمارت پر حملہ کیا ہے۔
صیہونی میڈیا ذرائع نے بھی رپورٹ دی ہے کہ ایک بڑا ڈرون طیارہ سمندر کی طرف سے نیچی ڑان کے ساتھ تل ابیب میں داخل ہوا اور ایک عمارت سے ٹکرا گیا۔ صیہونی میڈیا نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ یہ بڑا ڈرون طیارہ پتہ نہیں کس طرح تمام دفاعی اور سیکورٹی دیواروں کو توڑتا ہوا تل ابیب کے اندر داخل ہوکر عمارت پر حملہ آور ہوا۔ میڈیا ذرائع نے تل ابیب پر یمن کے اس ڈرون حملے میں ایک صیہونی کی ہلاکت اور سات کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔