دہشتگرد اسرائیلی فوجیوں کوغرب اردن میں بھی پڑنے لگی مار
صیہونی ذرائع نے غرب اردن میں فلسطین کی تحریک استقامت کی جانب سے انجام دی جانے والی صیہونیت مخالف کاروائی میں تین فوجی اہلکاروں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج پر، جمعرات کے دن غرب اردن میں قلقیلیہ کے مشرق میں واقع عزون کے علاقے میں فائرنگ کردی گئی۔ صیہونی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔
وفا نیوز ایجنسی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے قلقیلیہ کے مشرق میں داخل ہونے والے راستے کو بند کر دیا اور فلسطینیوں کی گاڑیوں کو آنے جانے سے روک دیا جس کی بنا پر ٹریفک جام ہو گیا۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح الخلیل پر حملہ کرکے دس فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ کل بھی صیہونی فوجیوں نے قلندیا کیمپ ، طوباس اور طول کرم پر حملہ کر کے ایک عورت اور ایک جوان سمیت کم سے کم تین فلسطینیوں کو شہید اور سات دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔