Aug ۰۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ مقرر

نوبل انعام یافتہ محمد یونس بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ بنائے گئے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج کرنے والے طلباء نے محمد یونس کی عبوری حکومت کی سربراہی کی تجویز کو قبول کر لیا ہے جس کے بعد گزشتہ کئی دنوں سے جاری سیاسی ہلچل کے بعد بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے قیام کی زمین ہموار ہو گئی ہے۔ یہ فیصلہ ملک کے صدر محمد شہاب الدین کی زیر صدارت بنگا بھون (ایوان صدر) میں ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ریزرویشن تحریک کی قیادت کرنے والے طلبہ رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
غربت کے خلاف جنگ میں کام کرنے پر 'غریبوں کا بینکر' کہلائے جانے والے محمد یونس عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کے طور پر احتجاج کرنے والے طلباء کی پہلی پسند تھے۔ محمد یونس بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے سخت مخالف ہیں۔ شیخ حسینہ کے وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے اور ملک چھوڑنے کے پیچھے ان کو بھی ایک اہم وجہ سمجھا جاتا ہے۔ یونس اور ان کے قائم کردہ گرامین بینک کو دوہزار چھے میں امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا تھا۔

ٹیگس