Aug ۱۷, ۲۰۲۴ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • ہم پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ذبیح اللہ مجاہد

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان چاہے تو ہم پاکستان اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: انڈیپنڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ بھائی چارے پر مبنی تعلقات استوار کریں، پاکستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور دوسرے کسی ملک کے ساتھ افغانستان کی اتنی زیادہ چیزیں مشترک نہیں جتنی پاکستان کے ساتھ ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستانی عوام کا افغان عوام کے ساتھ بھائی چارے اور اخوت کا تعلق ہے لیکن افسوس کہ پاکستان کے بعض اقدامات جیسے ٹی ٹی پی کا مسئلہ، جو پچھلے 20 سال سے ہے اور ٹی ٹی پی نے پاکستان میں جنگ کی ہے اور ان کے خلاف پاکستان نے آپریشن ضرب عضب وغیرہ کیے، یہ پاکستان کا مسئلہ ہے لیکن افسوس کہ ہر کارروائی کا ذمہ دار افغانستان کو ٹھہرایا جاتا ہے، جس سے بد اعتمادی کی فضا پیدا ہوتی ہے۔
پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے سوال پر افغان طالبان کے ترجمان نے کہا کہ اگر پاکستان چاہے تو ہم ثالثی کا کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت پاکستان چاہے تو پھر ہم بھائی چارے کے اصولوں پر اپنی کوششیں کریں گے۔

ٹیگس