فیلاڈلفیا سرحدی گزرگاہ پر صیہونیوں کی موجودگی کی مخالفت
میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مصر، اپنے سرحدوں کے قریب واقع غزہ کی گذرگاہوں میں صیہونی فوجیوں کی موجودگی کا مخالف ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ایک مصری ميڈیا ذریعے نے بتایا ہے کہ قاہرہ حکومت، فیلاڈلفیا محور میں صیہونی حکومت کی موجودگی کا مخالف ہے اور رفح گذرگاہ اور اس محور سے صیہونی فوجیوں کے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ دریں اثنا صیہونی میڈیا ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ مصر، فیلاڈلفیا کے موضوع کے سلسلے میں صیہونی حکومت کے موقف کے بارے میں حماس کو بتانے کے لئے بھی تیار نہیں ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اس سے قبل میڈل ایسٹ جریدے نے رپورٹ دی تھی کہ قاہرہ اور تل ابیب نے طے کیا ہے کہ رفح سرحدی پاس کھلنے کے بدلے میں، صیہونی فوجیوں کو مصر اور غزہ کی سرحدوں پر موجودگی کی اجازت ہوگی۔
اس رپورٹ کے مطابق مصر نے کہا ہے کہ اگر فلسطینی گروہ بالخصوص حماس کو کوئی اعتراض نہ ہوگا تو قاہرہ بھی مخالفت نہیں کرے گا۔
اس سے قبل ایک مصری ذریعے نے کہا تھا کہ قاہرہ میں اسرائیلی وفد کے ساتھ مذاکرات گھنٹوں جاری رہے لیکن کوئی پیش رفت نہيں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات، صلاح الدین محور پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی موجودگی کے بارے میں تھے اور غاصب تل ابیب، مصر و غزہ پٹی کے درمیان سرحدی علاقے ميں اپنی فوجی موجودگی اور کنٹرول پر اڑا ہوا ہے۔