Aug ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • حزب اللہ لبنان کی کاری ضرب، شمالی مقبوضہ فلسطین پر برسے میزائل

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے منگل کے روز جنوبی لبنان سے 60 میزائل مقبوضہ شمالی فلسطین اور مقبوضہ جولان پر فائر کئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: خبروں کے مطابق ان حملوں میں ان علاقوں میں صیہونی حکومت کے دو فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دو مرحلوں میں 60 میزائل مقبوضہ شمالی فلسطین کے الجلیل علیا اور شام کے مقبوضہ علاقے جولان پر فائرکئے گئے۔ جس کے بعد مقبوضہ جولان میں صیہونی کالونی اورتال میں سائرن بجنے لگے۔
اسی طرح جنوبی لبنان کی سرحدی گاؤں کی فضاؤں میں صیہونی فوج کے اینٹر ایئر میزائلوں کے دھماکے سنائی دیئے۔
حزب اللہ لبنان نے منگل کے روز اس سلسلے میں بتایا ہے کہ لبنان کے بقاع علاقے پر صیہونی حکومت کے حملے کے جواب میں، اسلامی مزاحمت کے جیالوں نے نفح چھاونی اور اسی طرح یردن چھاونی پر میزائلوں کی بوچھار کی۔
حزب اللہ لبنان نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا کہ کچھ صیہونی فوجیوں نے حرش حدب عیتا علاقے میں در اندازی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا اور اس آپریشن میں کئی صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
پیر کی صبح بھی شمالی مقبوضہ فلسطین پر حزب اللہ نے ڈرون حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں مغربی الجلیل اور نہاریا کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شمالی مقبوضہ فلسطین کے بہت سے علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز کے بعد سے ہی حزب اللہ لبنان نے صیہونی فوج کے ایک بڑے حصے کو شمالی مقبوضہ فلسطین کے محاذ پر مصروف رکھنے اور غزہ کے مزاحمتی محاذ پر دباؤ کم کرنے کےلئے، صیہونی فوجی ٹھکانوں کے خلاف وسیع حملے شروع کر دیئے تھے۔
ان حملوں میں جنوبی لبنان سے قریب صیہونی فوجی اڈے پوری طرح تباہ ہو گئے اور اسی طرح صیہونی فوج کے ساز و سامان اور افرادی قوت کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ حزب اللہ کے آپریشن کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ شمالی فلسطین میں رہنے والے صیہونیوں کی بڑی تعداد وہاں سے بھاگ گئی ہے اور صیہونی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان علاقوں میں رہ جانے والے اکثر صیہونی، ذہنی امراض کا شکار ہو گئے ہیں۔

ٹیگس