Sep ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج کے ٹھکانوں پر حزب اللہ لبنان کے میزائلوں کی بارش

حزب اللہ لبنان نے ایک بار پھر شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوج کے ٹھکانوں پر میزائلوں کی بارش کردی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت کے ریڈیو نے رپورٹ دی ہے کہ جنوبی لبنان سے شمالی مقبوضہ فلسطین کی المطلہ کالونی کی جانب تین اینٹی بکتر بند میزائل فائر کئے گئے۔ صیہونی حکومت کے ریڈیو ٹی وی کے ادارے نے بھی رپورٹ دی ہے کہ المطلہ کالونی میں چند میزائل گرنے کے نتیجے میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ شبعا فارمز میں صیہونی حکومت کے دو فوجی اڈوں اور کفرشوبا مقبوضہ ٹیلوں پر حزب اللہ لبنان نے میزائلی حملے کئے ہيں۔
درایں اثنا حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی استقامت کے مجاہدین نے غزہ میں فلسطین کی ثابت قدم قوم اور ان کی شریف و دلیر استقامت کی حمایت و مدد کے لئے جمعے کو نو بج کر تیس منٹ پر معیان باروخ فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہےاس بیان کے مطابق میعان باروخ فوجی اڈے کو ڈرون حملہ کیا گیا جو ٹھیک اپنے نشانے پر لگا اور کامیاب رہا۔
حزب اللہ نے اپنے ایک اور اعلامیے میں کہا ہے کہ اس نے زبدین چھاؤنی کو براہ راست میزائلی حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی استقامت نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس نے المطلہ ٹاؤن میں غاصبوں کے زیر استعمال عمارتوں کو حملے کا نشانہ بنایا ہے اور اس میں موجود صیہونی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کر دیا ہے۔
صیہونی فوج نے بھی جنوبی لبنان میں الضھیرہ اور کفرکلا سمیت کئی کالونیوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے اور توپوں سے گولہ باری کی ہے۔

ٹیگس