Sep ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  •  تل ابیب پر یمنی مجاہدوں کا جدید ترین میزائل سے حملہ، صیہونیوں میں خوف و ہراس

یمن کی عوامی تحریک انصارللہ نے تل ابیب میں ایرپورٹ کے قریب ایک علاقے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: تل ابیب پر یمن کی انصارللہ تحریک کے میزائل حملے سے نہ صرف غاصب صیہونیوں میں سخت خوف و ہراس پیدا ہو گیا بلکہ کئی صیہونیوں کو نقصان بھی پہنچا۔ انصارللہ کے اس حملے نے ایک بار پھر اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کا آئرن ڈوم سسٹم ناکام رہا ہے ۔

المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی ذرائع‏ نے تل ابیب پر یمن کی انصارللہ تحریک کی جانب سے میزائل حملہ کئے جانے کی خبر دی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کا آئرن ڈوم سسٹم اس حملے کو ناکام بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

صیہونی ذرائع نے اعتراف کیا ہے کہ یہ میزائل حملہ نہایت دقت سے کیا گیا ہے جس میں بن گورین ایرپورٹ کے قریب واقع علاقے کو نشانہ بنایا۔

صیہونی فوج نے بھی اس حملے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کو ناکام نہیں بنایا جا سکا اور یہ میزائل اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ یمن کا یہ میزائل حاطم دو بیلسٹک قسم کا رہا ہے جو یمن کی مسلح افواج کا ایک جدید ترین میزائل ہے جو مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے۔

اسرائیل کے ریڈیو نے رپورٹ دی ہے کہ انصاراللہ کے اس جدید ترین میزائل نے مقبوضہ فلسطین کے مرکز تک پہنچنے میں دو ہزار کلومیٹر کی مسافت کو پندرہ منٹ میں طے کیا۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فائر بریگیڈ کا عملہ، اس آگ کو بجھانے کی کوشش کرتا رہا جو یمنی میزائل فائر ہونے کے نتیجے میں لگ گئی۔

صیہونی ذرائع کا کہنا ہے کہ یمن کے اس میزائل نے تئيس لاکھ پینسٹھ ہزار صیہونیوں کو پناہ گاہوں میں جانے پر مجبور کر دیا۔ صیہونی ٹی وی چینل بارہ نے رپورٹ دی ہے کہ اس میزائل کے مقبوضہ فلسطین کے مرکز تک پہنچنے میں کامیابی کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔

صیہونی ریڈیو کے ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائيل کے ڈیفنس سسٹم سے بیس سے زائد میزائل فائر ہوئے مگر وہ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو پائے اور اب صیہونی ماہرین اس بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں کہ یمن کے اس میزائل کو کن وجوہات کی بنا پر دفاعی سسٹم کے ذریعے نشانہ نہیں بنایا جاسکا ہے۔

ایک اور خبر یہ ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں آباد غاصب صیہونیوں پر شدید خوف و ہراس طاری ہو گیا ہے اور تئیس لاکھ پینسٹھ ہزار صیہونی پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہو گئے۔

غزہ کے خلاف جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت کا یمن کی عوامی تحریک انصارللہ کی جانب سے جواب دیئے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور یمن کی مسلح افواج کی جانب سے مقبوضہ علاقوں پر میزائل حملوں کے علاوہ صیہونی بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور یمن کی مسلح افواج نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ جب تک غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت جاری ہے صیہونی بحری جہازوں اور صیہونی حکومت کے اتحادیوں کے بحری جہازوں اور اسی طرح مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کی طرف جانے والے بحری جہازوں پر حملے ہوتے رہیں گے۔

ٹیگس