فلسطینی اپنی سرزمین کو غاصبوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے پرعزم
غزہ کے خلاف صیہونی دہشتگردی کے آغاز کو آج تین سو اڑتالیس روز گزر گئے مگر اپنی سرزمین کو غاصبوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے فلسطینی عزم میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سات اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی خونخوار صیہونی حکومت کی دہشتگردی کے بعد سے اب تک ایک اکتالیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور تقریبا ایک لاکھ زخمی ہو چکے ہیں مگر غزہ کے عوام اپنے تمام تر مصائب و آلام اور اپنے دل کے ٹکڑوں کے المناک فقدان کے باوجود اپنی مادری سرزمین کی آزادی کا خواب اپنے دل و دماغ میں سجائے ہوئے ہیں۔
پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران بھی صیہونی دشمن نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے مکانات اور بے گھر ہونے والے پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری کی جن میں مزید دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہو گئے۔
العالم نیوز پورٹل کے مطابق صیہونی دشمن نے فضائی بمباری اور گولہ باری کے ساتھ ساتھ فرح کے کئی محلوں میں زمینی جارحیت بھی کی جس میں متعدد قتل عام کے واقعات انہوں نے رقم کئے۔ المواصی کے ساحلی علاقے پر بھی پناہ گزیں کیمپوں پر صیہونی دہشتگردوں نے فائرنگ کی اور اپنے ڈرون سے بریج کیمپ کے زخمیوں کی امداد میں مصروف طبی عملے اور ان کی ایمبولینس کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ البرکہ، دیر البلح اور النصیرات کیمپ بھی گزشتہ روز صیہونی دہشتگردوں کے نشانے پر رہے۔