Sep ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
  • سید حسن نصراللہ کے تربیت یافتہ مجاہدین اپنے مشن کو اختتام تک پہنچائیں گے: خلیل الحیہ

حماس کے رہنما نے کہا ہے کہ سید حسن نصراللہ کی زندگی جہاد و استقامت اور فداکاری کا ایک نمونہ ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے ایک بیان میں اس حقیقت کا ذکر کرتے ہوئے کہ شہید سید حسن نصراللہ نے ایسے افراد کی تربیت کی جنھوں نے اپنے اسلامی مشن کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور وہی اپنے مشن کو اختتام تک پہنچائیں گے، کہا کہ فلسطین و لبنان کے تمام جہادی گروہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور یقین ہے کہ کامیابی ان کے قدم چومے گی۔

الحیہ نے کہا کہ سید حسن نصراللہ کی زندگی جہاد و استقامت اور فداکاری کا ایک نمونہ ہے اور ان کی راہ حقیقت و حقانیت میں ان کے بیٹے نے بھی اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ نہ صرف یہ کہ کبھی خستہ و مایوس نظر نہیں آئے بلکہ مسلمانوں کی عزت و وقار اور مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کے دفاع میں مسلسل ڈٹے رہے۔

خلیل الحیہ نے کہا کہ حزب اللہ کے سربراہ نے اپنی پوری زندگی ایک مجاہد کی حیثیت سے بسر کی یہاں تک کہ اسلام کی راہ میں شہید ہو گئے۔

ٹیگس