غزہ پر صیہونی جارحیت میں مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی
فلسطین کے انفارمیشن سنٹر نے بعض مقامی ذرائع کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ جارح اسرائیلی فورسز نے آج صبح کمال عدوان اسپتال کی جانب پیش قدمی کرنے سے پہلے اس کا محاصرہ کیا اور پھر اس پر حملہ کر دیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق قابض صیہونی فورسز نے کمال عدوان اسپتال کے مریضوں اور میڈیکل ٹیم کو اسپتال کے صحن میں جمع ہونے کا حکم دیا، پھر مردوں کو خواتین سے الگ کیا اور طبی عملے کے افراد کو زد و کوب کیا اور تمام مردوں کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے لے گئے۔
طبی ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ غزہ پر صیہونی حکومت کی فوج کے آج صبح سویرے حملوں میں ترسٹھ فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ شہداء میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
واضح رہے کہ کل جبالیا کیمپ کی "الحجہ" شاہراہ پر تیرہ مکانات پر حملے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ دریں اثناء خان یونس کے جنوب مشرق میں واقع معن اور حی المنارہ پر گزشتہ رات جارحین کی بمباری کے بعد ملبے سے ستائيس لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں زیادہ تر بچے ہیں۔