مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو فوری طور پر خالی کردیں: حزب اللہ کا صیہونیوں کو انتباہ
حزب اللہ لبنان نے ایک تصویری بیان میں غاصب صیہونیوں سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بعض صیہونی بستیوں کو فوری طور پر خالی کردیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یہ صیہونی بستیاں ان فوجیوں کی تعیناتی کے مقامات میں تبدیل ہوچکی ہیں جہاں سے وہ لبنان پر حملہ کرتے ہیں ۔ اسی بنا پر یہ بستیاں اسلامی استقامت کے میزائل حملوں کے اہداف بن چکی ہیں۔ اس بیان میں پچیس صیہونی بستیوں کے باشندوں کو خبردار کیا گیا ہے اور ان سے کہا گيا ہے کہ وہ ان بستیوں کو فوری طور پر خالی کر دیں۔
واضح رہے کہ صیہونی فوج نے 23ستمبر سے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر وسیع حملے شروع کر رکھے ہیں اور حزب اللہ کی جانب سے اسے شدید جوابی حملوں کا سامنا ہے۔
لبنان پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں میں اب تک دو ہزار چھ سو ترپن افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں ۔ حزب اللہ نے بھی اس کے مقابلے میں خاموشی اختیار نہیں کی ہے بلکہ اس نے بھی فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں فوجی ٹھکانوں اور صیہونی بستیوں پر حملوں کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر رکھا ہے۔