Dec ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
  • شام میں ٹینکوں کے ساتھ دہشتگرد اسرائیلی فوج گھسی، دمشق کے قریب کیا حملہ

شام میں بشار اسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد اس ملک میں صیہونی فوجیوں کے داخل ہوجانے اور دمشق کے قریب فوجی ایئرپورٹ پر حملے کی خبریں مل رہی ہیں۔

 سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی میڈیا ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ اتوار کی صبح اسرائیلی فوج اپنے ٹینکوں کے ساتھ مقبوضہ جولان کی سرحدوں کو عبور کرکے شام میں داخل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج بہت سے ٹینکوں کے ساتھ جنوبی شام کے علاقے قنیطرہ میں داخل ہوئی ہے۔ الجزیرہ ٹی وی نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ القنیطرہ کے لوگوں نے بتایا ہے کہ مقبوضہ جولان کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کی غیرمعمولی نقل و حرکت دیکھنے میں آرہی ہے جس کی اس سے پہلے کوئی مثال نہيں ملتی۔

صیہونی میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ صیہونی فوج نے جولان میں شام کے اسلحے کے گوداموں پر بھی حملہ کردیا ہے۔ بعض دیگر میڈیا ذرائع نے جولان کے علاقے خان ارنبہ میں بھی صیہونی فوج کے داخل ہوجانے کی خبر دی ہے۔

العالم نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی فوج نے دمشق کے قریب فوجی ايئرپورٹ پر بھی حملہ کیا ہے۔ بعض ذرائع نے کہا ہے کہ صیہونی جنگی طیاروں نے المزہ فوجی ہوائي اڈے پر بمباری کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شامی فوج کی ہائی کمان نے اتوار کی صبح مسلح گروہوں کے دارالحکومت دمشق میں داخل ہونے اور بشار اسد حکومت کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔

 

ٹیگس