غزہ کے کمال عدوان اسپتال کی ابتر صورتحال
شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر نے ایک بار پھر مسلسل صیہونی دہشتگردی کے باعث اسپتال کی ناگفتہ بہ صورتحال کا شکویٰ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کے مطابق کمال عدوان اسپتال کے سربراہ حسام ابو صفیہ نے اس طبی مرکز کی صورتحال کو نہایت المناک قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل کے مسلسل حملوں کے باعث حالات خطرناک حد تک خراب ہو گئے ہیں اور اسپتال کی بجلی اور پانی بھی منقطع ہو گئی ہے۔ ڈاکٹر حسام نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کرکے لازمی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ بیمار اور زخمی آئی سی یو کے محتاج ہیں جبکہ بعض کو فوری سرجری کی ضرورت ہے۔
کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے مسلسل اور وسیع حملوں کے باعث بہت شدید نقصان پہنچ چکا ہے اور اسپتال کی ایک عمارت میں اب نہ تو پانی بجلی ہے اور نہ کوئی آکسیجن مشین۔ ڈاکٹر ابوصفیہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسپتال کے ارد گرد صیہونی ٹولے کی پے در پے اور وسیع بمباری گولہ باری بجلی اور پانی کے نیٹ ورک کی مرمت میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے، ایک سو بارہ زخمیوں کے علاوہ چودہ بچے بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ چھے بیمار آئی سی یو میں داخل ہیں۔