حشد الشعبی کو تحلیل کرنے کی مخالفت
عراق کے سابق وزیراعظم نوری المالکی نے کہا ہے کہ امریکی دباو پر حشد الشعبی کو تحلیل کرنے کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق سابق عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے عراقی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کو ملک کا ایسا سرکاری ادارہ قرار دیا جو ریاست کے سربراہ وزیراعظم کی براہ راست نگرانی میں کام کرتا ہے لہذا اس ادارے پر انگلی اٹھانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ اچانک نہیں تھا، اس کے پیچھے کئی عوامل موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ عراق نے کبھی بھی شام کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کی۔ لبنان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے ساتھ جنگ بندی کے بعد لبنان کا محاصرہ کیا جائے گا۔ شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد مسئلہ فلسطین کمزور ہوجائے گا اور اردن کے لئے بھی خطرات بڑھیں گے۔ ترکیہ اپنی توسیع پسند پالیسیوں کو جاری رکھے گا اور امارات، مصر، اور سعودی عرب جیسے عرب ممالک کو بھی ممکنہ بحران کا سامنا ہوگا۔