غزہ پر صیہونی جارحیت میں مزید 174 فلسطینی شہید و زخمی
غزہ میں فلسطینی استقامتی جوانوں اور صہیونی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید 70 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق صیہونی فوجیوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ پر چھے بار زمینی اور ہوائی حملے کیے جن کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہید اور 104 زخمی ہو گئے جبکہ بہت سے فلسطینی ان حملوں کے نتیجے میں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنھیں نکالنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطینی استقامتی جوانوں اور صہیونی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں فلسطینی مزاحمتی جوانوں کے ساتھ جاری لڑائی میں صیہونی فوج کو ایک بار پھر بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ عبرانی میڈیا کے مطابق غزہ میں ایک دھماکہ خیز مواد کے دھماکے کے نتیجے میں تین صیہونی فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ صہیونی حکومت کے سخت محاصرے کے باوجود فلسطینی مزاحمت نے شمالی غزہ میں صیہونی فوج پر کاری وار کئے ہیں اور متعدد بار اسی علاقے سے مقبوضہ علاقوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔