غزہ میں ملبے تلے سے ایک سو بیس لاشیں نکالی گئيں
غزہ میں امدادی ٹیموں نے ملبے تلے سے ایک سو بیس فلسطینیوں کی لاشیں نکالنے کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ میں امدادی ٹیموں کے ایک کارکن نے آج بدھ کو بتایا کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹے میں ملبوں سے ایک سو بیس فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئيں جن میں سے اکثر کی صرف ہڈیاں بچی ہيں۔ امدادی ٹیموں کے کارکن کا کہنا ہے کہ اندازے کے مطابق دس ہزار سے زيادہ فلسطینی اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہيں جنہیں اب جنگ غزہ کے فلسطینی شہداء میں شمار کرنا چاہئے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ صیہونی فوج نے غزہ جنگ کے دوران عام شہری علاقوں پر بڑے پیمانے پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں گھروں کے تباہ ہونے کے ساتھ ہی امدادی کارروائیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تباہ شدہ عمارتوں کے ملبوں اور میدانوں سے اٹھائی گئی لاشوں کی تعداد اب ایک سو بیس تک پہنچ گئی ہے جب کہ اسپتالوں میں چھپن فلسطینیوں کو زخمی حالت میں بھی لایا گیا تھا۔