جنین پناہ گزین کیمپ کے خلاف اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت
فلسطینی وزارت صحت نے مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں دو فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جنین شہر اور کیمپ پر اسرائیلی غاصب حکومت کی جارحیت مسلسل گیارہویں روز بھی جاری ہے- جمعرات کی شب جنین کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں کی گولیوں سے دو نوجوان فلسطینی شہید ہوگئے۔ اس رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ان شہداء کی لاشوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے سے منع کر دیا ہے۔ فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنین شہر اور اس کے کیمپ پر اسرائیلی حکومت کی جارحیت کے آغاز سے اب تک جنین میں شہداء کی تعداد انیس ہو گئی ہے اور درجنوں فلسطینیوں کو جارح صیہونی فوج نے زخمی اور گرفتار بھی کیا ہے۔ اس سے قبل فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے اطلاع دی تھی کہ جنین میں اس کے عملے نے تین فلسطینی خواتین کو اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری میں زخمی ہونے کے سبب اسپتال منتقل کیا ہے-