غرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے
غاصب صیہونی فوجی غرب اردن کے مختلف علاقوں پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہيں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی فوجیوں نے شمالی غرب اردن میں واقع شہر طولکر اور طولکرم کیمپ پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس کا محاصرہ بڑھا دیا ہے اور ساتھ ہی اس علاقے کے بنیادی ڈھانچوں کو بھی تباہ و برباد کر رہے ہیں۔ صیہونی غاصبوں نے جنوبی شہر طولکرم میں داخل ہونے کے لئے استعمال ہونے والے جبارہ پل کو بند کردیا ہے اور اس کے اطراف میں فوجیوں کو تعینات کردیا ہے تاکہ کوئي بھی گاڑی شہر کے اندر نہ آجا سکے۔ عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ غاصبوں نے آہنی رکاوٹیں اور بیری کیٹر کھڑے کر کے پل بند کر دیا ہے۔ اس پل کو شہر طولکرم اور طولکرم کیمپ میں حملے جاری رکھنے ، اس کے بنیادی ڈھانچوں کو تباہ و برباد کرنے اور محاصرہ سخت کرنے کے لئے بند کیا گیا ہےجبکہ مشرقی قلقیلیہ کی عزون کالونی میں غاصبوں کے ساتھ فلسطینیوں کی اس وقت جھڑپیں ہوئيں جب انھوں نے اس کالونی کے شمالی گیٹ پر حملہ کردیا ۔ مغربی رام اللہ میں بھی غاصب فوجیوں نے دو دیہاتوں پر حملہ کیا ہے۔
![](https://media.sahartv.ir/image/4bn44b226f180byor0_800C450.jpg)
سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے مغربی رام اللہ ميں دیرقدیس اور خربثا بنی حارث دیہاتوں پر بھی یلغار کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے سنیچر کی رات مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی ابودیس کالونی پر حملہ کیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے گذشتہ اتوار کو بھی صوبہ طوبان کے الفارعہ کیمپ اور طمون کالونی کو حملے کا نشانہ بنایا تھا ۔