غزہ: صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں تین پولیس اہلکار شہید
جنوبی غزہ کی پٹی میں جارح صیہونی حکومت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشرقی رفح میں فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس کی وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں امدادی ٹرکوں کے داخلے کو محفوظ بنانے کے لیے ان پولیس اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کیا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس جرم کی مذمت کرتے ہیں اور ثالثوں اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قابض فوج کو پولیس فورس کو نشانہ بنانے سے روکے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی کہا ہے کہ رفح شہر کے مشرق میں صہیونی ڈرون کے ذریعے انسانی امداد کے داخلے کو یقینی بنانے کے ذمہ دار پولیس عناصر پر کیا گیا بزدلانہ حملہ، کہ جس کے نتیجے میں تین افراد شہید ہوئے، جنگ بندی معاہدے کی صریح اور خطرناک خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملبے کے نیچے سے مزید چھ شہداء کی لاشیں ملنے کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ جارح صیہونی حکومت کے ہاتھوں نسل کشی کے نتیجے میں شہداء کی تعداد اڑتالیس ہزار دوسوپچاس سے زائد ہو گئی ہے۔