Feb ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • شہید سید حسن نصراللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی تشییع جنازہ

آج اتوار کی صبح سویرے سے ہی لبنانی عوام لبنان ، مختلف علاقوں سے شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ میں شرکت اور ان دو عظیم شہداء کو الوداع کہنے اور ان کے ساتھ تجدید عہد کے لیے بیروت پہنچے.

سحر نیوز/ عالم اسلام:  المنار نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں سے عوام نے نامساعد موسمی حالات کے باوجود شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کے جنازوں میں شرکت کی۔شہید سید حسن نصراللہ اور شہید ہاشم صفی الدین سے قلبی لگاؤ رکھنے والوں اور محبت کرنے والوں نے جوق در جوق خود کو بیروت پہنچایا تاکہ ان کے ساتھ وفاداری کا ثبوت پیش کرسکیں اور ایک ایسے مناظر کا حصہ بنیں جو لبنان کی تاریخ میں سنہرے حرفوں میں لکھا جائے گا۔ شدید سردی اور برفباری ، ان محبت کرنے والوں کو مزاحمت کے شہیدوں کے ساتھ تجدید عہد کرنے سے نہیں روک سکی- جنوبی لبنان کے علاقےبقاع کے لوگ تیزی کے ساتھ قوم کے شہداء سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کے جنازے میں شرکت کی دعوت پر لبیک کہنے کے لیے آگے بڑھے۔

سوگواروں کا ایک سیلاب مضافاتی علاقے ضاحیہ میں آخری الوداع کے لئے داخل ہوا اور اشکبار آنسووں کے ساتھ ایک دوسرے کوتسلی دے رہاتھا - مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے سابق سربراہ سید حسن نصر اللہ اورحزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سابق سربراہ شہید سید ہاشم صفی الدین کی تدفین کی جگہ، پہلے ہی لوگوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔ تقریب میں شریک افراد نے حزب اللہ کے جھنڈے اور شہید مزاحمتی کمانڈروں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں- شہیدوں کی تدفین سخت حفاظتی انتظامات کے تحت انجام پائی جہاں لبنانی فوج تعینات تھی اور دنیا کے بہت سے ملکوں کے لوگ شریک ہوئے-

واضح رہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے شہید سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ ستائیس ستمبر دوہزار چوبیس کو بیروت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی فضائی حملے کے دوران شہید ہو گئے تھے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں کے ذریعے کیے گئے اس حملے میں بیروت میں حزب اللہ کے مرکزی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔اس حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کے کئی سینیئر کمانڈرز اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر آپریشنز جنرل عباس نیلفروشان بھی شہید ہو گئے تھے، جو جائے وقوعہ پر موجود تھے۔جبکہ لبنان میں حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ شہید سید ہاشم صفی الدین چار اکتوبر کو بیروت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی فضائی حملے کے دوران شہید ہو گئے۔ یہ حملہ، جو حزب اللہ کے ٹھکانوں کے خلاف وسیع تر اسرائیلی آپریشن کا حصہ تھا، بھاری بموں کا استعمال کرتے ہوئے کیا گیا اور اس کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

 

 

ٹیگس