Feb ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۲:۱۶ Asia/Tehran
  • غزہ میں صیہونی محاصرہ جاری، 6 فلسطینی بچے شہید

غزہ میں ظالمانہ صیہونی محاصرے اور ٹھنڈک سے بچنے کے لئے لازمی سہولتوں کے فقدان کے باعث گزشتہ دنوں کے دوران اب تک کم از کم چھے معصوم بچے اپنی جان گنوا چکے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: العالم نیوز پورٹل کے مطابق غزہ میں پندرہ مہینوں کی صیہونی دہشتگردی کے المناک اثرات و نتائج وہاں کے عوام کا پیچھا نہیں چھوڑ تہے ہیں۔ غزہ کا ظالمانہ محاصرہ بدستور جاری ہے اور جن گندی معاہدے اور عالمی دباؤ کے باوجود غاصب صیہونی حکومت اشیائے ضروریہ کے غزہ تک پہنچنے میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ غزہ میں اصدقاء المریض چیریٹی اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر صلاح نے اپنے مرکز میں سخت سردی کے باعث پانچ بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ ایک معصوم کی حالت اس مرکز میں نازک بتائی جاتی ہے۔
ناصر میڈیکل سینٹر میں شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر احمد الفرا نے بھی ایک بچے کے جاں بحق اور دو کے اسپتال میں منتقل ہونے کی خبر دی ہے۔ پندرہ ماہ تک غاصب صیہونیوں کی دہشتگردی، بہیمانہ جارحیت اور نسل کشی کے سبب اس وقت غزہ ایک انسانی المیے سے گزر رہا ہے جہاں لاکھوں فلسطینی باشندوں کے پاس نہ تو رہائش کا کوئی مناسب بندو بست ہے اور نہ ٹھنڈک سے بچنے کے لئے مناسب لباس۔
غزہ کے بیس لاکھ شہری بے امان صیہونی بمباری و گولہ باری کے سبب بارہا جبری نقل مکانی پر مجبور ہوئے اور علاقے کے ستر فیصد سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔

ٹیگس