کرم ابو سالم کراسنگ کو بند کرنے سے غزہ میں انسانی المیہ مزید بڑھ جائے گا: غزہ انفارمیشن آفس
غزہ پٹی میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن آفس نے کرم ابو سالم کراسنگ کی مسلسل بندش اور علاقے میں انسانی امداد کی کمی کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ پٹی میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن آفس نے منگل کے روز خبردار کیا کہ صیہونی حکومت کی طرف سے مسلسل تیسرے دن کرم ابو سالم کراسنگ کی بندش غزہ پٹی میں انسانی المیہ کو بڑھا رہی ہے۔ امداد کی کمی کے پیش نظر اس کراسنگ کی مسلسل بندش سے بھوک کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے۔ دفتر نے تاکید کی کہ ادویات اور طبی آلات کے داخلے کو روکنے سے غزہ میں ہزاروں بیمار اور زخمی افراد موت کے خطرے کا شکار ہیں۔ کرم ابو سالم کراسنگ کی مسلسل بندش سے ایندھن کا بحران بڑھ رہا ہے، جو ہسپتالوں کی بندش پر منتج ہو سکتا ہے۔

اس کراسنگ کو بند کرنے کا مطلب ملبے تلے دبے 10 ہزار سے زائد شہداء کی لاشوں کی دریافت کا کام روکنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پٹی کے لوگوں کو جنگی ہتھیار کے طور پر بھوکا مارنے کی پالیسی کا مسلسل استعمال بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صیہونی وزیر اعظم کے دفتر نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ غزہ پٹی میں تمام امدادی سامان کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔