فلسطینی خواتین کے خلاف تشدد کے دہشت ناک اعداد و شمار
غزہ میں فلسطینی حکومت کے میڈیا سیل کے سربراہ سلامہ معروف نے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے فلسطینی خواتین کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کے دہشت ناک اعداد و شمار شائع کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ میں فلسطینی حکومت کے میڈیا سیل کے سربراہ سلامہ معروف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آٹھ مارچ کو عالمی برادری نے یوم خواتین کا نام دیا ہے اور اس دن خواتین کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا جاتا ہے تو اس موقع پر ہم خواتین کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کی یاد دہانی کرا رہے ہيں۔
بیان کے مطابق غزہ میں صیہونیوں کی جنگ کے چار سو اکہتر دن میں بارہ ہزار تین سو سولہ خواتین صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہوئی ہيں، تیرہ ہزار نو سو ایک خواتن بیوہ ہو گئی ہیں جبکہ سترہ ہزار ماؤں نے اپنے بچوں کو گنوا دیا ہے۔
بیان کے مطابق غزہ کے خلاف صیہونیوں کی جارحیت میں پچاس ہزار حاملہ خواتین غیر انسانی حالات میں فارغ ہوئیں جبکہ ایک لاکھ باسٹھ ہزار خواتین عفونی بیماریوں میں مبتلا ہوئیں اور دو ہزار خواتین اور لڑکیوں نے اپنے بدن کا کوئي حصہ گنوا دیا جبکہ سیکڑوں خواتین اور لڑکیوں کو صیہونی جیلوں میں سخت ایذائيں برداشت کرنا پڑیں۔
سلامہ معروف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت بھی غزہ کی خواتین کی صورت حال ابتر ہے اور وہ بے حد غیر انسانی حالات میں دھیرے دھیرے بھوک اور بیماریوں کی وجہ سے موت کا شکار ہو رہی ہیں۔