Mar ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • شام اور لبنان کی سرحد پر ہونے والی بدامنی صیہونی سازش ہے: قاسم ہاشم

لبنان کے رکن پارلیمنٹ قاسم ہاشم نے شام اور لبنان کی سرحد پر ہونے والی بدامنی کو علاقے کا نقشہ تبدیل کرنے کی صیہونی سازش کا حصہ قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنانی پارلیمنٹ کے رکن قاسم ہاشم نے کہا ہے کہ امریکہ کی پشت پناہی میں صیہونی حکومت لبنان پر فوجی اور سیکورٹی دباؤ ڈال رہی ہے تا کہ بیروت بھی تل ابیب کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے ٹولے میں شامل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش کے نتیجے میں پورا علاقہ ایک ایسے خطرناک مرحلے میں داخل ہوجائے گا جس کا انجام واضح نہیں۔ قاسم ہاشم نے مزید کہا کہ صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے جو نقشہ  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کیا تھا جس میں "گریٹر اسرائیل" کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا تھا، اب اس کے آثار لبنان اور شام کے جنوبی حصوں میں سامنے آرہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے لبنان کی مشرقی سرحدوں پر واقع "ہرمل" علاقے میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ شامی باغیوں نے الزام لگایا تھا کہ حزب اللہ کے سپاہیوں نے شام کے حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین شامی مسلح عناصر کو ہلاک اور ان کی لاشوں کو لبنان منتقل کیا اور جھڑپیں اسی کے نتیجے میں شروع ہوئیں۔ حزب اللہ لبنان نے ان دعووں کو سرے سے مسترد کردیا ہے۔ لبنان کی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے شامی شہری اسمگلنگ میں ملوث تھے اور لبنان کے قبائلی گروہوں نے انہیں قتل کیا ہے۔ ہلاک ہونے والون کی لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے شام بھیج دی گئی ہیں۔

ٹیگس