غزہ کے شہداء کی تعداد 53500 سے تجاوز کرگئی
فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ ميں شہیدوں کی تعداد میں اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہدائے غزہ کی تعداد 53 ہزار 573 ہوگئی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے منگل کو نئے اعدادوشمار کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ دن اور رات میں غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں مزید 87 فلسطینی شہید اور 290 زخمی ہوگئے۔
فلسطین کے محکمہ صحت نے امداد رسانی میں حائل رکاوٹوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب بھی غزہ کی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے بہت سے جنازے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالا نہيں جاسکا ہے اور بہت سے جنازے سڑکوں پر موجود ہیں جنہیں مسلسل حملوں اور بمباریوں کی وجہ سے امدادی دستے وہاں سے اٹھا نہيں سکے ہیں۔
فلسطین کے محکمہ صحت کے مطابق اٹھارہ مارچ 2025 کو شروع ہونے والی غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی نئی لہر میں 3 ہزار 427 فلسطینی شہید اور 9 ہزار 647 زخمی ہوچکے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اس تعداد کو ملاکر سات اکتوبر 2023 سے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں اب تک 53 ہزار 573 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 12 ہزار 688 زخمی ہوچکےہیں۔