یمن کا میزائل حملہ: بن گورین ایئرپورٹ بند، صیہونیوں میں شدید خوف و ہراس
تل ابیب اور دیگر صہیونی شہروں پر یمنی فوج کے میزائل حملے کے بعد خطرے کے سائرن بجنے لگے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی فوج کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جوابی کاروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق عرب ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ یمن کی جانب سے کیے گئے میزائل حملے کے بعد اسرائیلی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے جبکہ تل ابیب کے بن گورین ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئیں۔
صہیونی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یمن سے داغے گئے میزائل کے بعد مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں خصوصاً تل ابیب، بیت المقدس اور دیگر صہیونی بستیوں میں خطرے کے سائرن بجائےگئے جس کے بعد بڑی تعداد میں صہیونی شہری پناہ گاہوں کی طرف بھاگ گئے۔
صہیونی ذرائع ابلاغ نے تصدیق کی ہے کہ یمنی میزائل حملوں کی وجہ سے بن گورین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں روک دی گئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یمنی حملے کے نتیجے میں اسرائیل کے مرکزی اور جنوبی علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جب کہ صہیونی حکام کی جانب سے تاحال حملے کی نوعیت اور ممکنہ نقصانات پر کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔