Jul ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • امریکہ جرائم پیشہ نیتن یاہو کو بچانا چاہتا ہے؛ حماس

فلسطین کی تحریک حماس نے کہا ہے کہ امریکہ صہیونی وزیر اعظم کے جرائم پر پردہ ڈال کر ان کو دباؤ سے باہر نکالنا چاہتا ہے۔

  سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک سینئر رہنما اسامہ حمدان نے امریکہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن، صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے جنگی جرائم پر پردہ ڈال کر دراصل اس پر عالمی دباؤ کم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ہفتوں کے دوران اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی تجاویز مسترد کیے جانے پر واشنگٹن کا کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تمام عرصے کے دوران غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ حمدان نے کہا کہ ہم اس وقت ثالث ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ جارحیت کو روکا جائے اور بارڈر کھولا جائے۔ ہمارا اصرار ہے کہ ایسا معاہدہ ہو جو ہماری قوم کے خلاف مظالم کے خاتمے کا باعث بنے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جارحیت جاری رہی تو مزاحمت بھی جاری رہے گی۔ واشنگٹن کو اب بھی ایک غیرجانبدار ثالث نہیں کہا جا سکتا۔ امریکہ اب بھی ایسے پیغامات دے رہا ہے جو ثالثی کے بجائے فریق جنگ کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اسامہ حمدان نے کہا کہ ہم نے ایک جامع منصوبہ پیش کیا ہے جو ایک ہمہ گیر معاہدے کا باعث بن سکتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ایک حقیقی اور پائیدار جنگ بندی ہو جو ہماری قوم کو اس المیے سے نکال سکے۔ 
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو ایک آزاد و خودمختار ریاست کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

ٹیگس