Aug ۰۱, ۲۰۲۵ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
  • مزاحمت کا سلسلہ غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک جاری رہے گا؛ فلسطین کے مزاحمتی گروہوں کا اعلان

فلسطین کے استقامتی گروہوں نے نام نہاد نیویارک بیانیہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ استقامت کا سلسلہ اس وقت ختم ہوگا جب غاصبانہ قبضہ ختم ہوجائے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: استقامتی گروہوں نے فلسطینی عوام کی بین الاقوامی حمایت پر مبنی ہر بیان کے استقبال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری قوم بغیر کسی شرط کے ایک خودمختار ملک اور اپنے حقوق کے اعادے کی خواہاں ہے۔ اس بیان میں آیا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا حل غاصبوں کی جارحیت، ان کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی اور دانستہ طور پر بھوکا رکھنے کی پالیسی کو ختم کرکے ہی حاصل ہوسکتا ہے۔
فلسطینی استقامتی تنظیموں کے مشترکہ بیان میں جنگ بندی کے جامع معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی، غاصبوں کی غزہ سے پسپائی، سرحدی گزرگاہوں کی بحالی اور غزہ کے تعمیر نو پر زور دیا گیا ہے۔ استقامتی گروہوں نے کہا کہ مزاحمت کا سلسلہ غاصبانہ قبضے کے خاتمے تک جاری رہے گا اور ایک خودمختار فلسطین کی تشکیل سے قبل مزاحمت کو روکنے کا سوال نہیں اٹھتا۔ استقامتی گروہوں کے اس بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ مزاحمتی تنظیموں کے ہتھیار کو بھی مذکورہ  منصفانہ اہداف اور منصوبے کے تحت دیکھنے کی ضرورت ہے۔
اس بیان میں درج ہے کہ فلسطین کے سیاسی اور جنگ کے بعد کے مسائل کا حل فلسطینیوں کے ہاتھوں ہونا چاہیے جس کے لیے ضروری ہے کہ قاہرہ، الجزائر، ماسکو اور بیجنگ میں دستخط ہونے والے معاہدے نافذ کیے جائیں۔ فلسطین کی استقامتی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کو علاقے کا جز تسلیم کرنے کی سازش، دشمن کو اس کے جرائم کے لیے صلہ دینے اور فلسطین کی سرزمین پر اس کے ناجائز قبضے کو جاری رکھنے کے جواز کے مترادف ہوگا۔

ٹیگس