مسلم ظلم و جبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں؛ فلسطینی عالم دین
فلسطینی اسلامی کونسل کے سربراہ نے مسلمانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ظلم و جبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی کونسل کے سربراہ شیخ سعید قاسم نے العالم نیوز نیٹ ورک کےخصوصی پروگرام "الی القدس" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیائے اسلام کو اس خیال سے ماورا ہو کر آج اٹھ کھڑے ہو جانا چاہیئے کہ ان کی حکومت نہیں چاہتی یا حکومت کمزور اور ناتواں ہے۔ عراق کے اربعین ملین مارچ کے دوران العالم نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امام حسین (ع) نے اپنے ساتھیوں کی ایک قلیل تعداد کے ہمراہ قیام کیا جب کہ آپ کو معلوم تھا کہ آپ ایک بڑی فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور آپ اس راہ میں شہید ہو جائیں گے مگر اس کے باوجود آپ اٹھ کھڑے ہوئے۔ فلسطینی عالم دین نے کہا کہ آج کے لوگوں پر فرض ہے کہ وہ اُن نظاموں، ان کے حکمرانوں اور فوجوں پر بھروسہ نہ کریں جنہیں استعمار، سامراج اور صیہونیت کی خدمت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
صیہونی جرائم و بربریت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مدد کے لئے پکارے اور ہم اس کی مدد نہ کریں تو گویا ہم مردہ ہو چکے ہیں اور دنیا کے بہاؤ میں بہے چلے جا رہے ہیں۔ فلسطینی عالم دین نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اگر امام حسین (ع) نے موت اور شہادت کو اپنی آغوش میں نہ لیا ہوتا تو آپ کا نام تاریخ میں گم ہو چکا ہوتا اور آج کوئی آپ کا نام لیوا نہ ہوتا مگر آپ نے موت اور شہادت کو گلے لگایا اور نتیجے میں آج آپ زندہ و پائندہ ہیں۔