Aug ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • یورپ ایران کے ایٹمی مسئلے کے سفارتی حل کا پابند ہے۔

یورپی یونین کی شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا ہے کہ یورپ ایران کے ایٹمی مسئلے کے سفارتی حل پر یقین رکھتا ہے۔

سحرنیوز/دنیا:یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ جمعے کی ٹیلیفونی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ ایران کے ایٹمی مسئلے کے سفارتی حل کا پابند ہے۔

 انھوں نے اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ میں نے یورپی ٹرائيکا کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلیفونی پر گفتگو کی ۔

 کایا کالاس نے ایران کی جانب سے ڈپلومیسی کو اہمیت دیئے جانے کو اہم قرار دیا اور کہا کہ یورپ ایٹمی مسئلے کے سفارتی حل پریقین رکھتا ہے۔

 قابل ذکر کہ ہے کہ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی انچارج اور یورپی ٹرائیکا کے وزرائے خارجہ نے گزشتہ روز اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلیفونی پر گفتگو کی تھی۔ 

اس ٹیلیفونی گفتگو میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ قانونی اور اخلاقی لحاظ سے یورپی ٹرائیکا کو اسنیپ بیک سسٹم کا سہارا لینے کا حق نہیں ہے ۔

انھوں نے اسی کے ساتھ اس سسٹم کو فعال کرنے کے نتائج کی جانب سے خبردار بھی کیا۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے پوری قوت سے اپنا دفاع کیا ہے لیکن ڈپلومیسی کا راستہ کبھی ترک نہیں کیا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ ایران ہر اس ڈپلومیٹک راہ حل کے لئے تیار ہے جس میں ایرانی عوام کے حقوق اور مفادات کی ضمانت دی جائے۔

 اس ٹیلیفونی گفتگو ميں طے پایا کہ آئندہ منگل کو یورپی یونین نیز یورپی ٹرائیکا کے ساتھ ایران کے نائب وزرائے خارجہ کی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔ 

ٹیگس