غزہ پر صیہونی فوج کا تازہ حملہ ، کم سے کم 12 شہید
غزہ پر صیہونی فوج کی تازہ بمباری میں چھے بچوں سمیت کم سے کم بارہ افراد شہید ہوگئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:غاصب صیہونی عناصر نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے علاقے اصداء میں پناہ گزیں کیمپ پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں چھ بچوں سمیت بارہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
صیہونی فوج کے طیاروں نے اسی طرح غزہ شہر کے جنوب میں الصبرہ اور الزیتون علاقوں کو بھی نشانہ بنایا کہ جس کے نتیجے میں بہت سی عمارتیں تباہ ہوگئي۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی شہاب نے بھی اطلاع دی ہے کہ جارح صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں واقع الزیتون محلے میں فلسطینیوں کے گھروں کو پندرہ منٹ سے بھی کم عرصے میں چھ بار نشانہ بنایا۔صیہونی فوج کے ڈرونز نے غزہ کے وسط میں واقع النصیرات اور المغازی کیمپوں پر بھی شدید بمباری کی۔ادھر شمالی غزہ میں واقع جبالیا کیمپ میں بھی جارح صیہونی فوج کے ڈرونز نے شہر غزہ کے پرانے علاقے میں فلسطینیوں کے گھروں کو دھماکہ خیز بموں سے نشانہ بنایا۔